Time 24 دسمبر ، 2019
پاکستان

حکومت کا 89 دواؤں کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے نواسی (89) دواؤں کی قیمتوں میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں دواؤں کی قیمتوں میں کمی سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائےاطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اجلاس کے بعد  میڈیا بریفنگ میں بتایاکہ آج کے اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی، پہلی ترجیح پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر بسنے والے افراد میں 7 لاکھ سے زائد گھر بھارتی افواج کی کراس بارڈر فائرنگ کی زد میں آتے ہیں، 13 ہزار سے زائد گھرانوں کو حکومت پاکستان احساس پروگرام کے تحت مالی معاونت فراہم کرے گی، پیکیج کے تحت 67 کروڑ روپے لاگت سے متاثرہ گھرانوں کو امداد ملے گی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ جنجال پورہ بنا ہوا تھا، کابینہ نے 11ممبران پر مشتمل اسپورٹس بورڈ کی منظوری دی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی  نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں پولیو کے لیے فنگر مارکر کی بھارت سے امپورٹ کی منظوری دی گئی ہے جب کہ ای سی ایل میں ناموں کے اندراج و اخراج کے ایجنڈے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

معاون خصوصی نے مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے حوالے سے بتایا کہ کابینہ نے مریم نواز کا نام نہ نکالنے سے متعلق ذیلی کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کی ہے، جب کہ کابینہ نے 4 نام ای سی ایل میں ڈالنے اور 8 نام نکالنے کی منظوری بھی دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے چئیرمین سی ڈی اے کو اسلام آباد کو صاف کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ اسلام آباد میں میونسپل فنکشن مانیٹر کرنے کے لیے کمیشن بنایا گیا ہے جس کےچئیرمین علی اعوان ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان کے مطابق کابینہ نے 12دسمبر کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی ہے، جب کہ عرفان بخاری کو چیئرمین ایگزم بینک پاکستان تعینات کی منظوری دی گئی ہے۔

مزید خبریں :