24 دسمبر ، 2019
سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کی گرین لائن بس سروس 7 فروری کو شروع نہیں ہوسکتی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے اپنے ایک بیان میں گورنرسندھ عمران اسماعیل کی مبینہ ڈیڈ لائن ٹکھراتے ہوئے کہا کہ جب گرین لائن کے لیے بسیں نہیں، ٹریک مکمل نہیں تو وزیراعظم افتتاح کس چیز کا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی کہا جائے سوچ سمجھ کر کہاجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کو بیان دینے کا اختیار ہے، ساتھ ہی وفاق جو بھی اعلان کرتا ہے اس پر یوٹرن بھی نہ لے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایک روڈ اور ایک فلائی اوور کا افتتاح 7 فروری کو کروانے کا بیان دیا تھا۔
یاد رہے کہ فروری 2016 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی کے گرین لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اسے ایک سال میں مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم گرین لائن منصوبے پر تاحال کام جاری ہے اور یہ منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں کیا جاسکا ہے۔