پاکستان
Time 25 دسمبر ، 2019

مسلم لیگ ن کا چیئرمین نیب پر سیاسی مخالفین کو اغواء کرنے کا الزام

ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب— فوٹو فائل

مسلم لیگ (ن) نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال پر الزام سیاسی مخالفین کو اغواء کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

نیب کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال سمیت دیگر رہنماؤں کی گرفتاری پر ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ  چیئرمین نیب سلیکٹڈ وزیراعظم کے آلہ کار ہیں، ان کی جانب سے سیاسی مخالفین کو اغواء کرایا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 15ماہ سے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، احسن اقبال کی گرفتاری اس لیے ہوئی کیوں کہ وہ سچ بولتے ہیں۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی ضمانت منظور  ہونے پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ مخالفین عدالت میں ثبوت پیش نہ کر سکے اس لیے لیگی رہنما کو ضمانت ملی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی پر کو آڑتے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اللہ کو جان دینی ہےکی گردان پڑھی گئی، جھوٹی قسمیں کھائی گئیں، اللہ کانام لےکر رانا ثناء پر الزام لگانے والے اپنا قلم دان واپس کریں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اللہ تعالی کو جان اللہ تعالی کی مرضی سے دیں گے مگر  قلمدان پاکستان کے لوگوں کی امانت ہے اسے واپس کریں۔