پاکستان
Time 25 دسمبر ، 2019

’رانا ثناء کی ضمانت سے قسمیں کھانے والوں کا مؤقف چکناچور ہوگیا‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی ضمانت منظورہوگئی ہے جس سے قسمیں کھانے والوں کا مؤقف چکنا چور ہوگیا۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان کی منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت منظور کی تھی۔ عدالت نے رانا ثناء اللہ کو 10، 10 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

اب اس حوالے سے لیگی رہنما خواجہ آصف کا ردعمل میں کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کی ضمانت منظور ہوگئی ہے جس سے قسمیں کھانے والوں کا مؤقف چکنا چور ہوگیا، حکومت نے ڈیڑھ سال میں مخالفین اور اختلاف رائے کو کچلنے کے سواکچھ نہیں کیا۔

انہوں نے مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست مسترد کرنے پر کہا کہ  مریم نواز کی درخواست مسترد کرنا کس بات کا انتقام ہے؟ ایک طرف حکومت اپوزیشن سے گفت وشنید اور دوسری طرف گرفتاریاں کررہی ہے، اپوزیشن کو نشانہ بنانے سے ماحول بہتر ہونے کے بجائے اور زیادہ خراب ہو رہا ہے، اس طرح کے اقدامات سے حالات بگڑ جاتے ہیں جو کسی کے کنٹرول میں نہیں رہتے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوکرآئیں گے۔

اللہ تعالی کو جان اللہ کی مرضی سے دیں گے: مریم اورنگزیب کا ردعمل

مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ رانا ثناء کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس نہیں بن سکا تو ہیروئن کا کیس بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’اللہ کو جان دینی ہے‘ کی گردان پڑھی گئی، جھوٹی قسمیں کھائی گئیں لہٰذا اللہ کا نام لےکر رانا ثناء پر الزام لگانے والے اپنا قلمدان واپس کریں، قلم دان پاکستان کےلوگوں کی امانت ہے، اسے واپس کریں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اللہ تعالی کو جان اللہ تعالی کی مرضی سے دیں گے۔

یاد رہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے رانا ثناءاللہ کو 2 جولائی 2019 کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا اور اے این ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ رانا ثناء کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔

مزید خبریں :