26 دسمبر ، 2019
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق کی بطور چیئرمین انجمن ہلال احمر پاکستان تعیناتی کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی گئی۔
وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ چیئرمین کی تعیناتی کے رولز میں ترمیم کی گئی ہے۔
جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو انتظامی امور ہیں جو وزیراعظم نے چلانے ہوتے ہیں۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے برطرف کیے گئے سابق چیئرمین ہلال احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الہی کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ڈاکٹر سعید الٰہی کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔
یاد رہے کہ سابق چیئرمین ہلال احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ رولز کے مطابق چیئرمین کی مدت 3 سال کے لیے ہے اور بطور صدر میری مدت ملازمت 9 مارچ 2020 کو مکمل ہو گی۔