پاکستان

کراچی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس، کئی خاندان چھت سے محروم ہو گئے

کراچی کے علاقے رنچھوڑ لین میں 6 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رنچھوڑ لین سومرا گلی میں 6 منزلہ عمارت ایک طرف جھک گئی تھی۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام نے عمارت کو مخدوش قرار دیتے ہوئے اسے مکینوں سے خالی کروا دیا تھا، عمارت میں 25 فلیٹ قائم تھے۔

انچارج کراچی میونسپل کارپوریشن ڈیمولیشن ٹیم نے عمارت کا جائزہ لیکر اسے 20 سے 22 دن میں گرانے کا اعلان کیا تھا۔

فوٹو: جیو نیوز

ڈیمولیشن ٹیم کے انچارج عبد السجاد خان نے بتایا کہ گرنے والی عمارت کی منظوری 13 برس پہلے ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت کے ستون نیچے سے برسٹ ہوئے، ڈی جی نے عمارت سے متعلق 3 رکنی کمیٹی بنا دی ہے، چیک کیا جائے گا کیا کوئی رساؤ تو نہیں تھا۔

پولیس کے مطابق عمارت کی بجلی اور گیس بھی منقطع کر دی گئی تھی جب کہ کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے عمارت کے ساتھ ساتھ قریبی علاقہ بھی سیل کر دیا گیا تھا۔

مخدوش رہائشی عمارت کا ایک حصہ بیٹھنے کے باعث اس میں دراڑیں پڑ گئی تھیں جس کے چند گھنٹے بعد بلڈنگ زمین بوس ہو گئی۔

ذرائع ایس بی ایس سی کا کہنا ہے کہ فلیٹ کی تعمیر کے بعد کمپلیشن پلان اور این او سی ملتی ہے، این او سی صرف ان عمارتوں کو ملتی ہیں جو قانون کے مطابق ہوتی ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی اس عمارت میں آگ لگ گئی تھی، آتشزدگی کے باعث بلڈنگ متاثر ہوئی تھی اور ایک سال قبل ہی اس کی تزئین و آرائش کی گئی تھی۔

زمین بوس ہونے والی عمارت کے ایک رہائشی نے بتایا کہ صبح فجر کے وقت عمارت سے عجیب قسم کی آوازیں آنا شروع ہوئیں تو خطرے کا احساس ہوا، باہر آ کر دیکھا تو عمارت کے پلر میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئیں جس پر فوری طور پر عمار کو خالی کر دیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی اور ایس بی سے اے حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزید خبریں :