پاکستان
Time 01 جنوری ، 2020

جہانگیر ترین کا کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول کو فون، جلد ملاقات پر اتفاق

وفاقی حکومت نے اتحادیوں سے رابطے مضبوط کرنے کا فیصلہ کرلیا، حکومتی کمیٹی جہانگیر ترین کی سربراہی میں اتحادیوں کے تحفظات دور کرے گی۔

جہانگیر ترین نے اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو ٹیلی فون کیا اور دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا۔

جہانگیر ترین کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی آئندہ ہفتے جمہوری وطن پارٹی، مسلم لیگ ق اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے بھی ملاقاتیں کرے گی۔

ایم کیو ایم پاکستان کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش پر سیاسی ایوانوں میں ہلچل جاری ہے اور گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے حکومتی رابطہ کمیٹی کو متحدہ قیادت سے ملنے کی ہدایت کی تھی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو وزیراعظم عمران خان کی حکومت گرانے میں ساتھ دینے کے بدلے سندھ میں وزارتیں دینے کی پیشکش کی تھی۔

کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی کی خاطر جتنی وزارتیں وفاق میں ایم کیو ایم کے پاس ہیں، سندھ میں دینے کو تیار ہیں، شرط یہ ہے کہ عمران خان کو گھر بھیجیں۔

دوسری جانب بلاول کی پیشکش کے حوالے سے ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ بلاول سندھ بالخصوص کراچی سے ناانصافیوں کاازالہ ایجنڈے میں شامل کریں اور مقامی حکومتوں کے نظام کو بااختیار بنائیں، پیپلز پارٹی مقامی حکومتوں کے اختیارکا قانون لائے تو متحدہ بھرپور ساتھ دے گی۔

مزید خبریں :