پاکستان
Time 01 جنوری ، 2020

ملک میں گیس کا بحران سنگین؛ کراچی ،لاہوراور کوئٹہ میں کم پریشر کی شکایات

ملک بھر میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا،کراچی ،لاہور اور کوئٹہ کے رہائشی علاقوں میں کم پریشر کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور بعض علاقوں میں گیس بالکل بند ہے۔

شدید سرد موسم میں رہائشی علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہونے اور پریشر میں کمی کے باعث شہری شدید پریشان ہیں۔ 

گیس پریشر جان بوجھ کر کم کیا گیا ہے: صدر کراچی چیمبر 

پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر میں صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو بھی گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند ہے۔ 

کمرشل صارفین بھی گیس کی فراہمی بند ہونے پر شدید پریشان ہیں۔

اس حوالے سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اعلامیے کے مطابق گیس پریشر جان بوجھ کر کم کیا گیا، صنعتوں کو درپیش گیس کے سنگین بحران پر مایوسی ہے، سندھ میں گیس ذخائر ہونے کے باوجود آر ایل این جی لینے پر کیوں مجبور کیا جارہا ہے؟ 

صدر کراچی چیمبر آف کامرس آغا شہاب نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو اپنے ذخائر سے گیس دی جائے، آر ایل این جی دیگر صوبوں کو دی جائے۔

اُدھر وفاقی وزیر توانائی و  پیٹرولیم عمر ایوب نے  سی این جی کے شعبے کو فروری سے پوری گیس فراہم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شدید سردی کے باعث گیس کے پریشر میں کمی ہوئی تاہم نئے ذخائر اور ایل این جی سے آئندہ ایک ہفتے میں ملک میں گیس کی فراہمی میں اضافہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ملک میں سرد موسم کے آغاز سے ملک بھر میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور کمرشل و رہائشی صارفین کو گیس کی فراہمی معطل اور کہیں پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔ 

مزید خبریں :