02 جنوری ، 2020
نئی دہلی: بھارت میں 2020 کا استقبال شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے خلاف مظاہروں سے کیا گیا ہے تو دوسری جانب ایک تعلیمی ادارے، آئی آئی ٹی کانپور نے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس بات کا تعین کرے گی کہ فیض احمد فیض کی نظم’’ ʼہم دیکھیں گے‘‘، کہیں ہندو مخالف تو نہیں ہے۔
یہ کمیٹی ایک فیکلٹی ممبر کی شکایت پر بنائی گئی ہے اور فیکلٹی ممبر نے دعویٰ کیا ہے کہ نظم کا ایک یہ مصرعہ’’جب ارضِ خدا کے کعبے سے، سب بت اٹھوائے جائیں گے" اور دوسرا "بس نام رہے گا اللہ کا" ہندو مذہب کے خلاف ہے۔
اس درخواست اور کمیٹی سے متعلق طلبہ کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ فرقہ وارانہ ذہنیت کا مالک ہے اور فرقہ وارانہ مواد پوسٹ کرنے کی وجہ سے ایک سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ نے ان پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں جاری مظاہروں میں یہ نظم خوب مقبول ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ حبیب جالب کی نظم ’’دستور‘‘ بھی بہت پڑھی جا رہی ہے۔
دارالحکومت نئی دہلی میں خواتین، طلبہ، فن کاروں اور سیاسی و سماجی کارکنوں نے متعدد مقامات پر رات گئے مظاہرے کیے۔