22 اگست ، 2012
کراچی … نین عابدی ون ڈے کرکٹ میں سنچری بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں، انہوں نے یہ کارنامہ آئر لینڈ کے خلاف میچ میں انجام دیا۔ پاکستان کی نین عابدی نے آئرلینڈ کے خلاف میچ میں سنچری اسکورکرکے نئی تاریخ رقم کردی، وہ پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری بنانے والی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں، اس سے پہلے پاکستان کی طرف سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز مہوش خان کے پاس تھا جنہوں نے 2001ء میں ہالینڈ کیخلاف 69 رنز کی اننگزکھیلی تھی۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ نین عابدی پاکستان کی جانب سے 38 ایک روزہ میچ کھیل چکی ہیں جس میں 5نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مجموعی طورپر 738 رنز بنائے ہیں جبکہ 16ٹی 20 میچز میں 201 رنز بھی بناچکی ہیں۔