Time 02 جنوری ، 2020
پاکستان

کراچی: ٹریفک کانسٹیبل پر تشدد میں ملوث چینی باشندہ 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ٹریفک کانسٹبل پر تشدد میں ملوث چینی تاجر دو دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے—اسکرین گریب

کراچی کے علاقے قیوم آباد میں ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کرنے والے چینی تاجر کو مقامی عدالت نے دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

گزشتہ روز قیوم آباد فلائی اوور کے نیچے ایک شاپنگ مال کے باہر نو پارکنگ زون میں زبردستی پارکنگ کرنے کے دوران چینی باشندہ لاقانونیت پر اتر آیا اور گاڑی پارک کرنے سے منع کرنے والے ٹریفک کانسٹبل محمد عامر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس سے وہ زخمی ہو گیا تھا۔

واقعے کے بعد کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے چینی ملزم سونگ پوپینگ کوگرفتار کر لیا تھا اور اس کے زیراستعال گاڑی بھی قبضے میں لے لی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم سونگ پوپینگ بزنس ویزے پر پاکستان آیا ہوا ہے۔ گرفتاری کے بعد چینی ملزم کو کورنگی انڈسٹریل ایریا انوسٹی گیشن پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا۔

ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 2020/6 زیر دفعہ 353/186/337 اے ون درج کیا گیا تھا۔ 

پولیس نے اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ریلیز کر دی تھی۔

ملزم کی طرف سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا تاہم سرکاری وکیل نے پولیس کی پیروی کی اور ملزم کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی درخواست کی۔

 عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ 

مزید خبریں :