Time 01 جنوری ، 2020
پاکستان

کراچی میں چینی باشندے نے پولیس اہلکار کو لہولہان کردیا

کراچی کے علاقے قیوم آباد میں چینی باشندے نے ممنوعہ جگہ پر گاڑی پارک کرنے کے تنازع پر ٹریفک پولیس اہلکار کو تشدد کرکے لہولہان کردیا۔

پولیس کے مطابق قیوم آباد چورنگی کے قریب ایک معروف ڈیپارٹمنٹل اسٹور پر چینی باشندہ اپنے پاکستانی ڈرائیور کے ساتھ شاپنگ کے لیے پہنچا۔ 

ڈرائیور گاڑی کو اسٹور کے باہر پارک کرنے لگا تو وہاں تعینات ٹریفک پولیس اہلکار عامر نے انہیں نوپارکنگ کا بورڈ دکھاتے ہوئے گاڑی کھڑی کرنے سے منع کیا۔ 

پولیس نے چینی باشندے مسٹر سونگ کو گرفتار میں کرکے مقدمہ درج کرلیا— فوٹو: جیو نیوز

پولیس کے مطابق چینی باشندہ مشتعل ہوگیا اور غصے میں پولیس اہلکار کو ہٹانے کی کوشش کے دوران اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔

چینی باشندے نے ٹریفک اہلکار محمد عامر کو چہرے پر مکا دے مارا جس سے وہ لہولہان ہوگیا۔ اس دوران وہاں موجود لوگوں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بیچ بچاؤ کرایا۔ 

مقامی تھانے کی پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی موقع پر پہنچی اور چینی باشندے مسٹر سونگ کو گرفتار کرلیا جب کہ زخمی اہلکار کو اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنانے والے چینی باشندے خلاف پولیس اہلکار عامر کی مدعیت میں کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ 

ایف آئی آر نمبر 2020/ 6 زیر دفعہ 337 اور 353 درج کی گئی ہے جب کہ چینی باشندے کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا ہے، اسے ریمانڈ کے لیے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ 

مزید خبریں :