پاکستان
Time 02 جنوری ، 2020

سکھر میں تین منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق

سکھر میں رہائشی عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے۔

ملبے سے 12 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں جس میں پاک فوج کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

کمشنر سکھر شفیق مہیسر نے بتایا کہ واقعہ حسینی روڈ پر پیش آیا جہاں 3 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ ملبے تلے سے 12 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے جکن میں ایک بچہ اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر سکھر سے ٹیلیفون پر رابطہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملبے تلے پھنسے لوگوں کو فوراً نکالا جائے اورکوشش کریں کہ جانی نقصان نہ ہونے پائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے اور ملبے سے نکلنے والے افراد کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت گرنے کے اسباب پر تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

مزید خبریں :