پاکستان
Time 03 جنوری ، 2020

عمارت کے ملبے سے 22 گھنٹے بعد 2 سالہ بچی زندہ نکال لی گئی

سکھر : 3 منزلہ رہائشی عمارت کے گرنے  کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ واقعے کے 22 گھنٹے بعد ملبے سے 2 سال کی بچی کو زندہ نکال لیا گیا۔

گزشتہ روز  سکھر کے حسینی روڈ پر 3 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی تھی جس کے نتیجے میں کئی افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔ 

پاک فوج کے جوان اور رینجرز کے اہل کار بھی ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جنہوں نے متعدد افراد کو ملبے سے نکالا جبکہ اس عمارت میں 4 بھائیوں کے خاندان آباد تھے۔ 

واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ 18 افراد زخمی ہیں جو مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ 

گرنے والی عمارت کے ملبے سے 22 گھنٹے بعد 2 سالہ بچی کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ 

ابتدائی تحقیقات کے مطابق 15 سالہ پرانی عمارت کا ایک پلر کمزور ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا، عمارت میں 4 بھائیوں کے خاندان آباد تھے اور نیچے دکانیں بھی تھیں۔

کمشنر سکھر شفیق احمد کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر سے رپورٹ طلب کی ہے۔

مزید خبریں :