04 جنوری ، 2020
اداکارہ مہوش حیات نے گزشتہ روز امریکی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کی مذمت کی ہے۔
سیاست کی بات کی جائے یا کسی سماجی مسائل کی تو ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے میں کبھی پیچھے نہیں رہتی۔
مہوش حیات نے ٹوئٹر پر ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یقین نہیں ہو رہا کہ نئے سال کے 72 گھنٹے گزرنے کے بعد ہی دنیا جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے‘‘۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’’ایسا تب ہی ہوتا ہے جب آزاد ممالک کے رہنما بین الاقوامی قوانین اور حالات کی پرواہ کیے بغیر یکطرفہ فیصلےکرتے ہیں اور یہ صرف ایران اور امریکا تک ہی محدود نہیں، اللّہ ہماری حفاظت کرے‘‘۔
مہوش حیات اپنے ٹوئٹ پیغام کے اختتام میں ہیش ٹیگ ’سلیمانی‘ بھی لکھا۔
ایک صارف نے مہوش کے ٹوئٹ پر طنزیہ کمنٹ لکھا کہ’جب سے خواتین نے بین الاقوامی امور میں دلچسپی لینا شروع کیا ہے۔‘
مہوش نے صارف کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’’فرانس کی عظیم خاتون جون آف آرک، حسن و خوبصورتی کی شاہکار قدیم مصری ملکہ قلوپطرہ، برطانیہ کی پہلی خاتون وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر اور پاکستان کی واحد خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کا نام لیتے ہوئے کہا کہ یہ تو محض چند نام ہیں‘‘۔
اداکارہ نے صارف کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’’وہ وقت آگیا ہے کہ آپ اپنی اس چھوٹی جگہ سے باہر آجائیں جہاں آپ رہ رہے ہیں اور کافی سے لطف اندوز ہورہے ہیں‘‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی عراق میں امریکی راکٹ حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔