Time 04 جنوری ، 2020
دنیا

بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی و دیگر کی نماز جنازہ، ہزاروں افراد کی شرکت

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کے عراقی دارالحکومت بغداد میں ہونے والے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جس کے بعد ان کی اور دیگر رفقاء کی میتیں کربلا پہنچادی گئیں۔

گزشتہ روز امریکی حملے میں مارے جانے والے ایرانی میجر جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے دیگر رفقاء کی میتوں کو امام حسینؓ کے روضے سے نجف اشرف لے جایا جائے گا جہاں ان کی میت کو مشہد الرضا کی زیارت کے بعد تہران منتقل کیا جائے گا۔

میجر جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ تہران میں ممکنہ طور پر پیر کو ادا کی جائے گی اور انہیں آبائی صوبہ کرمان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ 

قبل ازیں عراقی دارالحکومت بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی ملیشیا کمانڈر ابو مہدی ال مہندیس سمیت حملے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔  

میتوں کو امام حسینؓ کے روضے سے نجف اشرف لے جایا جائے گا جہاں ان کی میت کو مشہد الرضا کی زیارت کے بعد تہران منتقل کیا جائے گا— فوٹو: سوشل میڈیا

جنازے میں اعلیٰ شخصیات بھی شریک تھیں جبکہ شرکاء نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر امریکا مخالف نعرے درج تھے۔

خیال رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے امریکی حملے میں ایران کی القدس فورس کےکمانڈر قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے تھے۔

جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ ایران نے امریکا سے انتقام لینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :