Time 04 جنوری ، 2020
دنیا

35 امریکی اہداف اور اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب نشانے پر ہیں: ایران

خطے میں 35 کے قریب امریکی اہداف کے ساتھ ساتھ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب بھی ایران کے نشانے پر ہے، جنرل غلام علی ابو حمزہ— فوٹو: فائل

تہران: ایران بھر میں قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر سوگ منایا جارہا ہے جب کہ ایران کے سپریم کمانڈر اور صدر کے بعد اب پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے بھی امریکا کو بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔

ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل غلام علی ابو حمزہ نے کہا ہے کہ جہاں بھی موقع ملا امریکیوں کو جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سزا دیں گے۔

ایران کی غیر سرکاری خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل غلام علی ابوحمزہ نے کہا ہے کہ القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ امریکا سے لیں گے، امریکی جہاں بھی ایران کی پہنچ میں ہوں گے انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔

ایران کے جنوبی صوبہ کرمان میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل ابو حمزہ نے مزید کہا کہ جنرل سلیمانی کی موت پر ایران امریکا سے بدلہ لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آبنائے ہرمز ایک اہم مقام ہے جہاں سے بڑی تعداد میں مغربی اور امریکی بحری جنگی جہاز گزرتے ہیں، اس علاقے میں ایران اہم امریکی اہداف کافی پہلے ہی طے کرچکا ہے‘۔

جنرل غلام علی ابو حمزہ نے کہا کہ ’خطے میں 35 کے قریب امریکی اہداف کے ساتھ ساتھ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب بھی ایران کے نشانے پر ہے‘۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ہزاروں افراد دارالحکومت تہران کی سڑکوں پر نکل آئے اور امریکا کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکی حملے کو وحشیانہ جرم قرار دیتے ہوئے جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

جب کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی اپنے بیان میں کہاکہ جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کے خلاف کھڑا ہونے کے عظیم ایرانی قوم کے پختہ عزم کو دگنا کردیا ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا کے اس وحشیانہ جرم کا انتقام لیا جائے گا۔

امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے، ترجمان پاسداران انقلاب

ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان رمضان شریف نے بھی اپنے بیان میں امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکی حملے کے بعد طاقت کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے۔

خیال رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے امریکی حملے میں ایران کی القدس فورس کےکمانڈر قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے ہیں۔

قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی کو قدس فورس کا کمانڈر مقرر کردیا ہے۔

بغداد میں قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ادا

عراقی ٹیلی وژن نے قاسم سلیمانی کی گاڑی پر ڈرون حملے کی مبینہ سی سی ٹی وی ویڈیو بھی جاری کردی ہے تاہم  برطانوی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ فی الحال تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ یہ جنرل سلیمانی پر حملے کی ہی ویڈیو ہے۔

ادھر بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد ایرانی میجر جنرل قاسم سلیمانی اور دیگر رفقاء کی میتیں کربلا پہنچادی گئیں، میتوں کو امام حسینؓ کے روضے سے نجف اشرف لے جایا جائے گا۔

جنرل سلیمانی کی میت کو مشہد الرضا کی زیارت کے بعد تہران منتقل کیا جائےگا اور امکان ہے کہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ تہران میں پیر کوادا کی جائے جس کے بعد انہیں آبائی صوبہ کرمان میں سپرد خاک کیا جائےگا۔

مزید خبریں :