Time 05 جنوری ، 2020
دنیا

ایران میں جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

 
فوٹو: سوشل میڈیا

امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ایران میں ادا کر دی گئی۔ 

دو روز قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی عراق میں امریکی راکٹ حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔

گزشتہ روز عراق میں قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ادا کی گئی تھی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی۔

آج جنرل قاسم سلیمانی کا جسد خاکی ایران لایا گیا تو بڑی تعداد میں شہری ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ایرانی پرچم میں لپٹے جنرل قاسم سلیمانی کے تابوت کو طیارے سے اتارا گیا۔

 جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے سیاہ لباس پہن کر شرکت کی  اور قافلے کی شکل میں اہواز کی سڑکوں پر مارچ کیا۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں عوام کی بڑی تعداد کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

قاسم سلیمانی کی تدفین آبائی شہر کرمان میں منگل کے روز ہوگی۔

خیال رہے کہ ایران نے بغداد شہر میں قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا امریکا سے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے اور پاسداران انقلاب نے کہا ہےکہ وہ جلد امریکا کی اس عارضی خوشی کو سوگ میں تبدیل کر دیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد  ظریف نے بھی اپنے ردعمل میں کہا کہ جنرل سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے عالمی دہشتگردی کی ہے، امریکا نے انتہائی خطرناک اور بے وقوفانہ اقدام اٹھایا ہے جس کی قیمت انہیں چکانی پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی پرحملہ کر کے امریکا نے خطے میں اپنی موجودگی کے خاتمے کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید خبریں :