علی ظفر اور عروج فاطمہ کے گانے ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ کے ایک کروڑ ویوز

فوٹو: فائل

راک اسٹار علی ظفر کے چند ماہ قبل ریلیز ہونے والے بلوچی گانے ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ کو یوٹیوب پر اب تک ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

 یہ کلاسیکل بلوچی گانا 11 اکتوبر 2019 کو ریلیز کیا گیا تھا جسے راک اسٹار علی ظفر اور بلوچستان کی 12 سالہ گلوکارہ عروج فاطمہ نے گایا تھا، اس گانے  کو یوٹیوب پر اب تک ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

’لیلیٰ او لیلیٰ‘ گانے کی میوزک ویڈیو میں عروج کی گلوکاری کےساتھ ساتھ بلوچستان کے خوبصورت مناظربھی دکھائے گئے ہیں۔

اسی ضمن میں گلوکار علی ظفر نے ٹوئٹر پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ پیغام جاری کیا۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’یہ دیکھ کر بہت حیرت اور خوشی ہوئی ہے کہ ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ گانے کو یوٹیوب پر اب تک ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چُکا ہے‘۔

علاوہ ازیں علی ظفر نے انسٹاگرام پر بھی گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ آپ سب کا شکریہ کہ آپ لوگوں نے ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ کو اتنا زیادہ پسند کیا اور ساتھ ہی انہوں نے عروج فاطمہ کو مبارکباد بھی دی‘۔

واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی 12 سالہ گلوکارہ عروج فاطمہ نے خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ علی ظفر کے ساتھ گلوکاری کرنا چاہتی ہیں۔

علی ظفر نے اپنی مداح کی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے ساتھ بلوچی زبان میں گانا ریلیز کرکے ننھی گلوکارہ کی خواہش پوری کردی تھی۔

گانا ریلیز ہوتے ہی یوٹیوب پر اسے بہت زیادہ پذیرائی ملی اور بڑی تعداد میں مداحوں نے اس گانے کو پسند کیا۔

مزید خبریں :