06 جنوری ، 2020
مقبول ترین اداکارہ و میزبان عائشہ عمر نے بھی ہراساں کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
عائشہ عمر سے ایک انٹرویو کے دوران ’می ٹو‘ پر بات کی جا رہی تھی تو اس دوران اداکارہ نے اپنی زندگی کے حوالے سے بھی بات کی۔
عائشہ عمر نے ’می ٹو‘ مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت ضروری مہم ہے جو جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے بے شمار لوگوں کو اس بارے میں بات کرنے کے لیے بااختیار بناتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری میں ایسے بے شمار مرد اور خواتین ہیں جنہیں جنسی زیادتی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اداکارہ نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں بھی اپنی زندگی میں ہراساں کیا گیا اور انہیں معلوم ہے کہ انسان ایسے وقت میں کیا محسوس کرتا ہے، لیکن وہ ابھی اتنی بہادر نہیں ہیں کہ اس حوالے سے کھل کر بات کرسکیں۔
عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ ایک دن میں اس حوالے سے بات کروں، میں ان تمام لوگوں سے اتفاق کرتی ہوں جو بھی اس صورتحال سے گزرے ہوں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز جامی نے بھی جنسی زیادتی کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا تھا۔