دنیا
Time 06 جنوری ، 2020

’قاسم سلیمانی حملے سے قبل ایران سعودیہ کشیدگی کم کرنے میں مصروف تھے‘

میجر قاسم سلیمانی کے قتل کیے جانے والے روزایران کا سعودی عرب کے لیے پیغام لیکر بغداد پہنچے تھے: عراقی وزیراعظم عادل المہدی— فوٹو: فائل 

عراق کے نگران وزیراعظم عادل عبد المہدی نے ایران کی قدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کو ’سیاسی قتل‘  قرار دے دیا۔

3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کے باہر امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ اس حملے میں عراقی ملیشیا کمانڈر ابو مہدی ال مہندیس اور دیگر 9 رفقاء بھی ہلاک ہوئے تھے۔

امریکی حملے کے خلاف گزشتہ روز عراقی پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں امریکی فوج کے عراق سے انخلاء کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔

اسی اجلاس سے خطاب میں نگران عراقی وزیراعظم عادل المہدی نے اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ جنرل قاسم سلیمانی کا قتل ’سیاسی‘ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میجر جنرل قاسم سلیمانی قتل کیے جانے والے روز ایران کا سعودی عرب کے لیے پیغام لے کر بغداد پہنچے تھے، اس میں بغداد کے ذریعے ایران کو بھیجے گئے سعودی پیغام کا جواب تھا۔

عادل عبعدالمہدی نے بتایا کہ سعودی پیغام میں خطے اور دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ کی کمی کے لیے تجاویز تھیں اور اسی سلسلے میں جنرل سلیمانی سے حملے والے روز ملاقات طے تھی تاکہ وہ سعودی پیغام پر ایران کا تحریری جواب پیش کریں۔ 

خیال رہے کہ عراقی وزیراعظم عادل عبد المہدی نے گزشتہ سال اپریل اور ستمبر میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں سعودی شاہ سلمان سے انہوں نے ملاقات کی تھی۔

14 ستمبر 2019 کو سعودی عرب کی دو بڑی آئل فیلڈز پر ڈرون حملے کیے گئے تھے جن میں آرامکو کمپنی کے بڑے آئل پروسیسنگ پلانٹ عبقیق اور مغربی آئل فیلڈ خریص شامل ہیں۔ 

ان حملوں کے بعد مشرق وسطی میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور ساتھ ہی تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ امریکا نے براہ راست ان حملوں کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے تاہم ایران نے اِن الزامات کی تردید کی ہے۔

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ تہران میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے پڑھائی، نماز جنازہ میں صدر حسن روحانی، اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ 

جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران نے بدلہ لینے کا اعلان کررکھا ہے جس کے بعد امریکا سے کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :