پاکستان
Time 07 جنوری ، 2020

وزیراعظم کا عوام کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے 7 ارب روپے کا ریلیف پیکج

وزیراعظم عمران خان کی معان خصوصی اور چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن پریس کانفرنس کرتے ہوئے — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردو س عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو چینی، آٹا، گھی اور  چاول پر 7 ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے، پاکستانی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے یہ  اقدام کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ چینی، آٹا،گھی اور چاول پر 7 ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا، وزیراعظم عمران خان کا عہد ہے جیسے ہی معیشت بہتر ہوگی اس کے ثمرات عوام کو ملیں گے۔ 

چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن محمد ذوالقرنین کا کہنا تھاکہ ایک سال قبل اس ادارے کا چارج سنبھالا، گزشتہ حکومتوں کا بوجھ ہم نے اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن 7 ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا اور ہر ماہ ایک ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا جائے گا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دو لاکھ ٹن گندم پاسکو سے سستے داموں حاصل کی گئی ہے، آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں استحکام لایا گیا ہے، بہت جلد راشن کارڈ سسٹم متعارف کروا رہے ہیں۔ 

چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے مطابق آنے والے دنوں میں اچھی خبریں سننے کو ملیں گی، ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی تعداد 4 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار کرنے کا ہدف ہے، وزیراعظم عمران خان نے زور دیا ہے کہ غریب آدمی متاثر نہ ہو، برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول ہمارے بس میں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کھانے کے تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں اوپر گئی ہیں، ہر ماہ ایک ارب کا ریلیف پیکج دیا جائے گا، گھی کی وقت سے پہلے خریداری کر کے قیمتوں کو بڑھنے سے روکنا ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ نئے سال 2020 میں عوام خوشخبریاں سنیں گے۔

مزید خبریں :