دنیا
Time 07 جنوری ، 2020

دپیکا پڈوکون بھی بھارتی انتہاپسندوں کے خلاف کھڑی ہوگئیں

حملے کے خلاف جے این یو سمیت بھارت کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جارہا ہے،فوٹو:انڈین میڈیا

بالی وڈ سپر اسٹار دپیکا پڈوکون بھی بھارتی انتہاپسندوں کے خلاف کھڑی ہوگئیں اور نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں  ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) کے حملے کے خلاف احتجاج میں جاپہنچیں۔

خیال رہے کہ نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں گزشتہ اتوار کو آر ایس ایس  کے نقاب پوش مسلح کارکنوں نے حملہ کرکے خاتون پروفیسر اور متعدد طلبہ و طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے باعث  اساتذہ اور یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کی صدر سمیت 20 سے زائد طلبہ و طالبات زخمی ہوگئے تھے۔

حملے  کے خلاف جے این یو سمیت بھارت کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جارہا ہے  جب کہ مودی سرکار نے الٹا جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کی صدر سمیت 19 طلبہ کے خلاف سیکیورٹی گارڈ پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون  آر ایس ایس  کی غنڈہ گردی سے زخمی ہونے والوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر جے این یو میں ہونے والے احتجاج میں شرکت  کے لیے پہنچیں اور  ہندو انتہاپسندی  کے خلاف مظاہرے میں طلبہ کے ساتھ کھڑی رہیں۔

بھارت کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری

دوسری جانب  بھارت کے مختلف شہروں میں واقعے کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔

ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا پر گذشتہ 2 دن سے مظاہرہ کرنے والوں کو پولیس نے زبردستی ہٹادیا اور پولیس اہلکار مظاہرین کو گھسیٹتے ہوئے بسوں میں لے کرگئے۔

آر ایس ایس کے حملے میں یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کی صدر سمیت 20 سے زائد طلبہ و طالبات زخمی ہوئے تھے— فوٹو:انڈین میڈیا

 احتجاج میں 'کشمیر کو آزادی دو' کے پوسٹر بھی نظر آئے جب کہ ایک طالب علم نے ممبئی میں احتجاج کے دوران آزادی کے نعرے بھی لگائے۔

مظاہرین سے یکجہتی کا اظہار کرنے بالی وڈ کی شخصیات انوراگ کیشپ اور وشال ددلانی بھی ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا پہنچے اور مظاہرین کی ہمت بندھائی۔

دنیا بھر میں جواہر لال نہرو کے طلبہ کے حق میں مظاہرے

بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلبہ کی حمایت میں مظاہرے  کیے جارہے ہیں۔

فوٹو: سوشل میڈیا

 نیویارک میں طلبہ نے جے این یو کے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بھارتی قونصل خانے کے سامنے احتجاج کیا، اس کے علاوہ  کولمبیا یونیورسٹی اور برطانیہ میں  آکسفورڈ یونیورسٹی سمیت یونیورسٹی آف سَسیکس کے طلبہ نے بھی جواہرلال نہرو یونیورسٹی میں تشدد کے خلاف مظاہرے کیے۔

ہالی وڈ اداکار نے مودی کو ہٹلر سے ملادیا

 ہالی وڈ اداکار جان کیوزک نے بھارتی انتہا پسند وزیراعظم نریندر مودی کو نازی جرمنی کے ڈکٹیٹر ہٹلر سے ملادیا اور ٹوئٹر پر ہٹلر اور مودی کی ایک ساتھ تصویر لگادی۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان تو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ہٹلر اور نریندر مودی کے مظالم میں کوئی فرق نہیں جب کہ بھارتی سیاست دان بھی مودی کو ہٹلر سے تشبیہ دے کر انہیں آئینہ دکھا چکے ہیں ۔

خیال رہے کہ جے این یو بھارت میں بائیں بازو کی جماعت سے تعلق رکھنے والی طلبہ تنظیموں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور بھارت کے متنازع شہریت کے قوانین کے خلاف یہاں بھی بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا تھا جب کہ یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹس یونین کے تحت بھی ہندو انتہاپسند اقدامات کے خلاف احتجاجات کیے جاتے رہے ہیں۔

مزید خبریں :