07 جنوری ، 2020
کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی نے کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک پاکستان سے وحدت کی توقع ہے۔
ایرانی قونصلیٹ میں جنرل قاسم سلیمانی کی یاد میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احمد محمدی کا کہنا تھا کہ ایران اپنے اور جنرل قاسم سلیمانی کے دشمنوں سے سخت انتقام لینے کا مکمل حق رکھتا ہے تاہم امریکی حکومت کے برعکس ایران کوئی قدم بغیر سوچے سمجھے نہیں اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو برادر اسلامی ملک پاکستان سے وحدت کی توقع ہے، بیرونی طاقتوں کی مداخلت خطے کے ممالک کے مفادات کے خلاف ہے لہٰذا خطے کے ممالک اتحاد اور استحکام کو یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ قاسم سلیمانی کے قاتلوں سے بدلہ لیں گے لیکن نئے تنازعات کو جنم نہیں دیں گے، خطے میں موجودہ تناؤ کا ذمہ دار امریکا ہے۔
ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات پر سرخ پرچم بلند کرنا علامتی جذبات ہیں، مقدس مقامات پر سرخ پرچم لہرانے کی روایات موجود ہیں تاہم یہ ایرانی حکومت کا سرکاری اعلان نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مناسب موقع پر امریکہ کو سخت ردعمل دیں گے، انتقام اس کا ایک حصہ ہوگا۔
یاد رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کے باہر امریکی ڈرون حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی ذیلی فورس القدس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ اس حملے میں عراقی ملیشیا کمانڈر ابو مہدی ال مہندیس اور دیگر 9 رفقاء بھی ہلاک ہوئے تھے۔
ایرانی جنرل کی موت کے بعد خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان سخت کشیدگی جاری ہے اور ایران کی جانب سے جنرل قاسم کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کررکھا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان نے بھی واضح اعلان کیا ہے کہ ’پاکستان اپنے سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔