پاکستان میں مزید 6 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

فائل فوٹو

سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا (کے پی کے) میں 6 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

سندھ میں پولیو کے مزید 2کیس سامنے آئے ہیں، ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کے مطابق ایک 3 سال کا بچہ ضلع قمبر اور دوسرا 12 سالہ بچہ ضلع جامشورو کا رہائشی ہے، دونوں کیسز کی تحقیقات دسمبر 2019 میں شروع ہوئی تھیں جس کے بعد دونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

 پنجاب میں بھی پولیو کے 2 نئےکیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں 13جنوری سے انسدادِ پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیاہے۔

پولیو کےدونوں نئے کیسز ڈیرہ غازی خان میں سامنے آئے ،جہاں 6 ماہ اور ایک سال کی دو بچیوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے دونوں بچیوں کے نمونے دسمبر میں حاصل کئے گئے  تھے۔

پنجاب پولیو پروگرام کے مطابق ایک بچی دونوں ٹانگوں جب کہ دوسری بائیں ٹانگ سے معذور ہے، دونوں بچیوں کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے بھی صوبے میں 2 نئے پولیو کیسز کی تصدیق کی ہے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 سال کے بچے جب کہ لکی مروت میں 9 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ ماہ دسمبر میں بچوں سے نمونے لے کر لیباریٹری بھجوائے گئے تھے۔

مزید خبریں :