Time 09 جنوری ، 2020
دنیا

مادام تساؤ میوزیم نے ہیری اور میگھن کے مجسمے شاہی خاندان سے الگ کردیے

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے گذشتہ روز شاہی خاندان کے سینیئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا،فوٹو:برطانوی میڈیا

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے شاہی خاندان کے سینیئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کے اعلان کے بعد لندن کے معروف مادام تساؤ میوزیم سے ان کے مجسمے  شاہی خاندان کے مجسموں کے پاس سے ہٹادیے گئے۔

شاہی جوڑے کے مومی مجسمے مادام تساؤ میوزیم میں شاہی خاندان کے مجسموں کے ساتھ موجود تھے جہاں سے انہیں اب ہٹا دیا گیا ہے۔

فوٹو:برطانوی میڈیا

 برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں کے مجمسے اب بھی میوزیم کے اندر موجود ہیں تاہم ماضی کی طرح وہ اب شاہی خاندان کے مجسموں کے سیٹ کے ساتھ موجود نہیں اور انہیں شاہی خاندان کے سیٹ کے قریب دیکھا جاسکتا ہے۔

فوٹو:برطانوی میڈیا

مادام تساؤ میوزیم کے جنرل منیجر اسٹیو ڈیوس کا کہنا ہے کہ باقی دنیا کی طرح ہم بھی شاہی جوڑے کے اس اعلان پر حیران ہیں  اور  ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آج سے ان دونوں کے مجسمے شاہی  خاندان کے ساتھ نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے گذشتہ روز شاہی خاندان کے سینیئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شاہی جوڑے نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ معاشی طورپر بھی خود مختار زندگی گزاریں گے اور برطانیہ کے ساتھ ساتھ شمالی امریکا میں زندگی بسر کریں گے۔

خیال رہے کہ شاہی خاندان میں اختلافات کی افواہیں کافی عرصے سے چل رہی تھیں اور گذشتہ سال مئی کے مہینے میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہیلہ میگھن مارکل نے شاہی محل سے نکل کر اپنی علیحدہ رہائش اختیار کرلی تھی۔

مادام تساؤ میوزیم 

لندن میں موجود مادام تساؤ میوزیم دنیا بھر میں شہرت کا حامل ہے جہاں دنیا بھر کی معروف اور نامور شخصیات کے مومی مجسمے موجود ہیں جسے ایک اعزاز بھی سمجھا جاتا ہے۔

اس میوزم کو ایک فرانسیسی مجمسہ ساز خاتون مادام تساؤ نے 1835 میں قائم کیا تھا اور  اب اس کی برطانیہ سمیت دنیا کے مختلف شہروں میں شاخیں بھی قائم ہیں۔

مزید خبریں :