Time 09 جنوری ، 2020
پاکستان

خودکشی سیاسی نہیں سماجی مسئلہ ہے اور دنیا بھر میں موجود ہے، مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ خودکشی سیاسی نہیں بلکہ ایک سماجی مسئلہ ہے اور دنیا بھر میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ صرف صوبہ سندھ کا مسئلہ نہیں، پاکستان بھر میں اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں جس کی ایک سے زائد وجوہات ہوسکتی ہیں، اسے کسی ایک سیاسی جماعت یا ایک حکومت سے نتھی کرنا مناسب نہیں۔

خیال رہے کہ سندھ میں خودکشی کے اعداد و شمار نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، 5 برس کے دوران سندھ میں 1300 سے زائد افراد نے خودکشی کی۔ عمر کوٹ، تھر اور میر پور خاص میں خودکشی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا، صرف عمر کوٹ، میر پور خاص اور تھر پار کر میں 646 واقعات رپورٹ کیے گئے، پچھلے ایک سال میں ان تین اضلاع میں 160 افراد نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، زیادہ تعداد نوجوانوں اور خواتین کی ہے۔

اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ خودکشی کے مسئلے سے نفسیاتی طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے، بے روزگاری، معاشی صورتحال بھی خودکشی کی وجہ بنتی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خود کشی کو کسی ایک علاقے تک محدود کرنا نا مناسب ہے،صرف سندھ کی بات نہ کی جائے، کے پی، بلوچستان اور پنجاب کی بات بھی کریں پھر موازنہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خودکشی سماجی مسئلہ ہے، نمٹنے کیلئے سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی سرگرم ہے، اتھارٹی نے میرپور خاص ڈویژن میں 3 ماہ میں کئی سیمینار کیے، میری معلومات کے مطابق سندھ خودکشی کے اعتبار سے تیسرے نمبر پرہے، اتھارٹی کو تاکید کی جہاں خودکشی کا رجحان زیادہ ہےوہاں کونسلنگ کریں۔

مزید خبریں :