پاکستان فلم انڈسٹری کے بڑے اسٹار کون؟

فوٹو: فائل

گزشتہ 10 سال یعنی 2010 سے 2019 پاکستانی سنیما کے لیے بے حد اہم رہے  کیونکہ اس دورانیے میں پاکستانی سنیما ایک مرتبہ پھر اُبھرا ہے۔

2010 سے قبل پاکستانی سنیما کی کوئی بھی فلم باکس آفس پر 100 ملین یعنی 10 کروڑ کمانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

 لیکن ان (2010-2019) دس سالوں میں 24 پاکستانی فلمیں 10 کروڑ کا ہدف مکمل کرنے میں کامیاب ہوئیں جس میں سب سے زیادہ کمائی حاصل کرنے والی فلم نے باکس آفس پر 500 ملین یعنی 50 کروڑ کا بزنس کر کے اس ریس میں سب سے آگے رہی۔

فوٹو: فائل

گزشتہ دس سالوں میں بہت سی فلموں کو بہترین قرار دیا گیا جب کہ بہت سے اداکاروں نے بے شمار ریکارڈ بھی اپنے نام کیے لیکن باکس آفس پر اس دہائی میں سب سے بڑا اسٹار اداکار ہمایوں سعید کو قرار دیا گیا ہے۔

جیسے ہی اداکار ہمایوں سعید کی فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں تو ان کی فلموں نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کمائی کی اور ان کی فلمیں اب تک کی سب سے زیادہ کمانے والی فلموں میں شامل ہیں۔

فوٹو: فائل

اس حوالے سے پاکستان فلم انڈسٹری کے بہترین اسٹار ہمایوں سعید نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ بھی کیا۔

اداکار نے اپنے ٹوئٹ میں اپنی فلموں کے ڈائریکٹر، پروڈیوسر، اسکرپٹ رائٹر اور تمام تر ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب اگر گزشتہ دس سالوں میں سب سے زیادہ کمائی حاصل کرنے والی فلموں میں اداکاری دکھانے والے دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والے اداکار وں کی بات کی جائے تو اس میں بالترتیب اداکار فہد مصطفیٰ اور حمزہ علی عباسی کے نام آتے ہیں۔

فوٹو: فائل

یقینی طور پر اداکار فہد مصطفیٰ اور حمزہ علی عباسی نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہی وجہ ہے کہ یہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

حمزہ علی عباسی کی 2010 سے 2019 کے درمیان دو فلموں ( ’وار‘ اور ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ شامل ہیں) نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا۔

گزشتہ دس سالوں میں اداکار ہمایوں سعید کی پہلی فلم ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ تھی جس نے باکس آفس پر اچھی خاصی کمائی حاصل کی تھی۔

2015 میں فلم ’بن روئے‘ نے باکس آفس پر 10 کروڑ کمائے جب کہ اسی سال اداکار ہمایوں سعید کی ایک اور فلم نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کر کے تاریخ رقم کی تھی۔

 فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ نے باکس آفس پر 30 کروڑ کما کر پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمائی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے دو سال بعد 2017 میں اداکار ہمایوں سعید کی ہی فلم پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے ساڑھے 30 کروڑ کمائی کی تھی۔

یہی نہیں اداکار ہمایوں سعید کی فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی 2‘ 50 کروڑ کمائی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

ان تمام سپر ہٹ فلموں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے باکس آفس پر مجموعی طور پر سب سے زیادہ کمائی حاصل کرنے والی فلموں کے اداکار ہمایوں سعید کا نام سرِ فہرست رہا، 2010 سے 2019 میں اداکار ہمایوں سعید کی فلموں کی مجموعی کمائی ڈیڑھ ارب روپے رہی۔

دوسری جانب گزشتہ 10 سالوں میں اداکار فہد مصطفیٰ کی فلموں کی مجموعی کمائی ایک ارب 25 کروڑ رہی جب کہ تیسرا نمبر اداکار حمزہ علی عباسی کا رہا جن کی فلموں نے بھی ایک ارب روپے کمائے۔

اداکار ہمایوں سعید کا نام سرِ فہرست اسی لیے رہا کیونکہ ان کی فلم نے باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی حاصل کرنے والی فلم کا ریکارڈ بھی حاصل کیا۔

اب رواں سال بھی اداکار ہمایوں باکس آفس کو ہٹ فلمیں دینے کی ریس میں سب سے آگے ہی دکھائی دے رہے ہیں، اس سال ہمایوں سعید کی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ اور ’لو گرو‘ ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں :