Time 10 جنوری ، 2020
پاکستان

پشاور: سکھ نوجوان کا 7 لاکھ روپے میں قتل کرایا، قاتل مقتول کی منگیتر نکلی

فائل فوٹو: مقتول رویندر سنگھ

پشاور: پولیس نے سکھ نوجوان رویندر سنگھ کے قتل کی گتھی سلجھالی جس میں نوجوان کی قاتل اس کی منگیتر ہی نکلی۔

پولیس ذرائع کے مطابق رویندر کو مروانے والی ان کی منگیتر پریم کماری ہے، مقتول کی ملزمہ سے عنقریب شادی ہونے والی تھی لیکن وہ شادی سے ناخوش تھی اور رشتہ ختم کرنا چاہتی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمہ نے 3 اجرتی قاتلوں کو ادائیگی کے لیے 7 لاکھ روپے دیے اور ملزمہ پریم کماری نے مقتول رویندر کو مردان بلایا تھا، ملزمہ نے مقتول کو اپنی سہیلی کے بہانے بلوا کر اغوا کروایا، اجرتی قاتل اغوا کے بعد مقتول کو قریبی کالونی مردان لے گئے جب کہ رویندر کی لاش پشاور لانے کا مقصد سراغ لگنے کا خوف تھا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مردان سے مقتول کی منگیتر سمیت 4 اجرتی قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بعد کیس کے تمام ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں جب کہ پولیس نے آلہ قتل اور استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی۔

پولیس نے ملزمہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا جہاں عدالت نے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہےکہ چند روز قبل پشاور میں چمکنی کے علاقے سے پولیس کو مقتول رویندر سنگھ کی لاش ملی تھی جس کے بعد بھارت نے پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ پر پراپیگنڈا کیا تھا اور معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی تھی تاہم پاکستان نے بھارت کے اس پراپیگنڈے کو مسترد کیا۔

مزید خبریں :