کھیل
Time 11 جنوری ، 2020

’پاکستان کھیلوں کی میزبانی کیلئے محفوظ ترین مقام ہے‘

فائل فوٹو: کرس گیل

ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل نے کھیلوں کی میزبانی کے لیے پاکستان کو دنیا کا  محفوظ ترین مقام قرار دے دیا۔

حال ہی میں 10 سال بعد سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور ٹیسٹ سیزیز سمیت ون ڈے میچز کھیلے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آچکی ہے۔

سری لنکن ٹیم کا دورہ انتظامی اور سیکیورٹی کے اعتبار سے بھی قابل ستائش رہا اور اب بنگلا دیش کی ٹیم کا دورہ پاکستان بھی جلد متوقع ہے۔

پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں کھیلنے والے ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ محفوظ مقام پاکستان ہے جہاں صدارتی تحفظ ملتا ہے۔

خیال رہے کہ سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے بھی پاکستان کو میزبانی کے لیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں سری لنکن کھلاڑیوں کو 200 فیصد سیکیورٹی ملی۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی آمد سے پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دنیا میں یہ پیغام گیا ہے کہ اب پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے، سری لنکا کا پاکستان آکر ٹیسٹ میچ کھیلنا ہماری بڑی کامیابی ہے جب کہ راولپنڈی اور کراچی میں ٹیسٹ میچ ہونا ٹرننگ پوائنٹ ہے۔

مزید خبریں :