11 جنوری ، 2020
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ مہنگائی بڑا مسئلہ ہے مگریہ کرتا کون ہے؟ کاروباری طبقہ ہی تو مہنگائی کررہا ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب میں عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کا عالمی وژن نہیں ہے، لوگ کہتے ہیں 4 سے 5 فیصد ایکسپورٹ بڑھاکرآپ نے کون سا تیر مار لیا؟ ٹیکسٹائل 27 فیصد بڑھی، ویلیو ایڈیشن بڑھی ہے، مارکیٹ کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ( ایس ایم ایز) کے لیے ایف بی آر سے آسان سسٹم بنانے پر بات کی ہے، رفتار سست ضرور ہے مگر کیا کریں مسائل بھی بہت ہیں، بڑے بڑے لوگ کاٹیج انڈسٹری میں رجسٹرڈ ہیں لیکن اس کو تباہ کیا گیا۔
دورانِ گفتگو مشیر تجارت نے سوال کیا کہ ’مہنگائی بڑا مسئلہ ہے مگریہ کرتا کون ہے؟پھر خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقہ ہی تو مہنگائی کررہا ہے لہٰذا تھوڑا ہاتھ ہلکا رکھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یقین دلاتے ہیں یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا، درآمدت سے چلنے والی معیشت سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہوگا، آپ کا وزیراعظم ترقی کا پرانا دور واپس لانا چاہتا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث عوام پریشان ہیں۔
گزشتہ سال اگست میں محکمہ شماریات نے کہا تھا ملک میں مہنگائی کی شرح میں 17 فیصد سے اضافہ ہوا تھا جبکہ اکتوبر میں عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ پاکستان کے نئے سروے میں عوام نے مہنگائی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔