24 نومبر ، 2019
وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ منہگائی بہت بڑا مسئلہ ہے جسے کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن مہنگائی کم کرنے کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ فرنیچر انڈسٹری پاکستان میں خاصا بہتر کام کررہی ہے، اس کے لیے ڈیوٹی اسٹرکچر ٹھیک کرنا ہے، پاکستان کو فرنیچر ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے صنعتکار اپنی فرنیچر مصنوعات کی کوالٹی بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر ایکسچینج ریٹ نارمل اورمستحکم ہوچکا ہے، اس میں اتار چڑھاؤ ٹل گیا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پہلی بار سرپلس ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ منہگائی بہت بڑا مسئلہ ہے جسے کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن مہنگائی کم کرنے کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے، اشیائے خورودنوش کی قیمتیں جلد کنٹرول میں آجائیں گی۔
سی پیک سے متعلق امریکی تحفظات پر مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ امریکا کے اپنے مفادات ہیں تو سی پیک اور پاک چین تعلقات پر تحفظات کا اظہار کررہا ہے، چین سے سی پیک پر کئی معاملات درست سمت میں جارہے ہیں، سی پیک کی رفتار اور سمت درست ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال اگست میں محکمہ شماریات نے کہا تھا ملک میں مہنگائی کی شرح میں 17 فیصد سے اضافہ ہوا تھا جبکہ گزشتہ ماہ بھی عوامی آراء جاننے کے حوالے سے معروف ادارے گیلپ پاکستان کے نئے سروے میں عوام نے مہنگائی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ کئی روز سے ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔