پاکستان
Time 11 جنوری ، 2020

نواز شریف سے سابق افغان صدر حامد کرزئی کی لندن میں ملاقات

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف سے سابق افغان صدر حامد کرزئی نے ملاقات کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

سابق افغان صدر نواز شریف کی عیادت کے لیے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچے جہاں انہوں نے لیگی قائد سے ملاقات کی۔ 

نوازشریف کی عیادت کے بعد حامد کرزئی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اپنے بھائی نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کی عیادت کے لیے آیا تھا، ان کی خیریت دریافت کی، نوازشریف کی صحت بہتر محسوس ہوئی۔

حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ میرا دورہ پاکستان رہا یا نواز شریف کا دورہ افغانستان وہ بہت مہربان رہے۔

اس موقع پر نواز شریف کے بھائی و مسلم لیگ (ن) کے صدر  شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حامد کرزئی نوازشریف کی خیریت پوچھنے آئے تھے اور انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے خیرسگالی کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے افغانستان کے لیے اپنے جذبات کا اعادہ کیا، ہمیشہ کوشش رہنی چاہیے کہ پاکستان اور افغانستان قریب تر ہوں۔

یاد رہے کہ نواز شریف کی تصدیق شدہ میڈیکل رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پلیٹیلیٹس غیر مستحکم، شریانیں جزوی بند اور فالج کا خطرہ ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ ان کے کنسلٹنٹ ڈیوڈ لارنس نے تیار کی ہے جس کے مطابق نوازشریف کے پلیٹیلیٹس کا تعین نہیں ہورہا اور پلیٹیلیٹس کا تعین نہ ہونے کی صورت میں ممکنہ زہرخورانی کا ٹیسٹ کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں :