Time 12 جنوری ، 2020
پاکستان

ایم کیو ایم ہماری اہم اتحادی جماعت ہے اور رہےگی: فردوس عاشق

ایم کیو ایم پاکستان کے وفاقی حکومت سے علیحدگی کے اعلان پر وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری اہم اتحادی جماعت ہے اور رہےگی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی کابینہ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے شکوہ کیا کہ ہم نے حکومت سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت بنانے میں آپ کی مدد کریں گے، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا لیکن اس ڈیڑھ سال کے عرصے میں ہمارے ایک نقطے پر بھی پیش رفت نہیں ہوئی۔

حکومت سے اتحاد ختم ہونے سے متعلق سوال پر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا  کہ ہم نے وزارت قانون و انصاف نہیں مانگی تھی، ہم نے جو دو نام وزارتوں کے لیے دیئے تھے ان میں فروغ نسیم کا نام شامل نہیں تھا، حکومت کو ایک ایسے وکیل کی ضرورت تھی جو ان کے مقدمات اچھی طرح سے لڑ سکے اس لیے انہوں نے فروغ نسیم کو خود منتخب کیا۔

اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  خالد مقبول صدیقی نے اپنا استعفیٰ براہ راست حکومت کو نہیں بھیجا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر ایم کیو ایم پاکستان کے پارٹی وفد سے ملاقات کریں گے اور ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے مگر ایم کیو ایم ہماری اہم اتحادی جماعت ہے اور رہےگی۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ کراچی کو دنیا کے بہترین شہروں کی طرح سہولیات دینی ہیں۔

مزید خبریں :