Time 12 جنوری ، 2020
پاکستان

شاہ محمود قریشی امن مشن پر تہران پہنچ گئے

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ایران پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور خطے میں  امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا مشہد کے ہاشمی نجاد ائیرپورٹ پہنچنے  پر خراسان صوبے کے ڈپٹی گورنر جنرل نے استقبال کیا۔

ایران روانگی سے قبل  شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں تناؤ کی کیفیت کو اعتدال پرلانے کی ضرورت ہے، ضرورت ہے کہ کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشہد میں امام رضا کےروضہ مبارک پر بھی حاضری دی ہے  جس کے بعد  وہ تہران روانہ ہوں گے۔

تہران میں شاہ محمود قریشی اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

شاہ محمود قریشی پیر کو سعودی عرب بھی جائیں گے

ایران کے بعد شاہ محمود قریشی پیر کو سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ سعودی وزیر خارجہ فيصل بن فرحان بن عبد اللہ سے ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کے باہر امریکی حملے میں ایران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

اس حملے کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل مارے تھے اور اِن حملوں میں 80 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا ۔

اس دوران وزیراعظم عمران خان نے بھی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ختم کرانے کے لیے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو متحرک ہونے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم نے وزیرخارجہ کو ایران، سعودی عرب اور امریکا کا دورہ کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

مزید خبریں :