Time 12 جنوری ، 2020
پاکستان

ایم کیو ایم کیلئے پیپلزپارٹی کی پیشکش اب بھی برقرار ہے: وزیر بلدیات سندھ

سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہاہےکہ  وفاقی حکومت کے تمام اتحادی ان سے ناراض ہیں، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے لیے پیپلزپارٹی کی پیش کش اب بھی برقرار ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو پیپلزپارٹی کی آفر کے بعد امید تھی کہ وفاقی حکومت اپنے اتحادی سے وعدے پورے کرے گی، ہم نے وفاق کو کراچی میں ترقیاتی کام کرنے سے کبھی نہیں روکا۔

خیال رہے کہ گذشہ ماہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو وزیراعظم عمران خان کی حکومت گرانے میں ساتھ دینے کے بدلے سندھ میں وزارتیں دینے کی پیشکش کی تھی جس کے بعد بھی حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم سے رابطہ کرکے ان کے مطالبات پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ایم کیو ایم کا  وفاقی کابینہ سے علیحدہ ہونے کے سوال پر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ خالدمقبول صدیقی نے سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ کیا ہوگا، سیاسی جماعتوں میں مشاورت اور ایک دوسرے سے بات چیت ہوتی ہے، ہم نے ایم کیو ایم کو ایک پیش کش کی تھی جو اب بھی قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پیش کش کے بعد وفاقی حکومت کے نمائندوں نے ایم کیوایم سے بات چیت کی تھی، ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم کراچی کے مسائل کے حل کے لیے خطیر رقم دیں گے، وفاق نے کراچی کے لیے 162 ارب کا اعلان کیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پالیسیوں کی وجہ سےان کے اصل لوگ پارٹی چھوڑ چکے ہیں اور  تمام اتحادی بھی ان سےناراض ہیں۔

یاد رہے کہ  ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وفاقی کابینہ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا ہم نے حکومت سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت بنانے میں آپ کی مدد کریں گے، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا لیکن ہمارے ایک نقطے پر بھی پیش رفت نہیں ہوئی اور میرے وزارت میں بیٹھنے سے کراچی کی عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔

خالد مقبول صدیقی کی جانب سے وفاقی کابینہ سے علیحدگی کے اعلان کے بعد تحریک انصاف  بھی  متحرک ہو گئی اور حکومتی اراکین نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے ایک بار پھر رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی بہترین اور با اعتماد اتحادی ہے، ایم کیو ایم کے مطالبات جائز ہیں، ان کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :