12 جنوری ، 2020
رحیم یار خان میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فضائی اسپرے کرنے والا محکمہ پلانٹ کا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے باعث طیارے میں سوار دونوں ملازمین جاں بحق ہوگئے۔
ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فضائی اسپرے کرنے والا پلانٹ پروٹیکشن یونٹ کا طیارہ صادق آباد کے قریب چک نمبر 225 کے مقام پر گر کر تباہ ہوا۔
جہاز میں سوار محکمہ پلانٹ کے دونوں ملازمین جاں بحق ہوگئے۔
فضائی اسپرے کے دوران اچانک جہاز میں فنی خرابی پیش آئی جس کے باعث جہاز زمین پر آگرا اور تباہ ہوگیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ٹڈی دل نے سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں فصلوں اور پھلوں کے باغات پر حملے کیے تھے جس کے باعث کسانوں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔