دنیا
Time 12 جنوری ، 2020

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری، 3 کشمیری نوجوان شہید

شہید نوجوانوں کی شناخت عمر فیاض لون، فیضان حامد اور عادل بشیر کے ناموں سے ہوئی ہے: کشمیر میڈیا سروس — فوٹو:فائل 

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ 

مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کا مسلسل 161 واں دن ہے، کرفیو کے باعث وادی میں سخت ترین سردی میں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

وہیں دوسری جانب وادی میں غاصب بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں محاصرے اور سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی۔ 

غاصب بھارتی فوج نے ترال کے علاقے گلشن پورہ میں مقابلے کی آڑ میں ظالمانہ کارروائی میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ 

کے ایم ایس کے مطابق شہید نوجوانوں کی شناخت عمر فیاض لون، فیضان حامد اور عادل بشیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت 5 اگست 2019 کو صدارتی حکمنامے کے ذریعے ختم کردی تھی اور بعد میں یہ بلز راجیہ سبھا اور لوک سبھا سے بھارتی اکثریت کے ساتھ منظور کراکر قانون بنادیا تھا۔

آرٹیکل 370 کیا ہے؟

بھارتی آئین کا آرٹیکل 370 مقبوضہ کشمیر میں خصوصی اختیارات سے متعلق ہے۔

آرٹیکل 370 ریاست مقبوضہ کشمیر کو اپنا آئین بنانے، اسے برقرار رکھنے، اپنا پرچم رکھنے اور دفاع، خارجہ و مواصلات کے علاوہ تمام معاملات میں آزادی دیتا تھا۔

بھارتی آئین کی جو دفعات و قوانین دیگر ریاستوں پر لاگو ہوتے ہیں وہ اس دفعہ کے تحت ریاست مقبوضہ کشمیر پر نافذ نہیں کیے جا سکتے تھے۔

بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت کسی بھی دوسری ریاست کا شہری مقبوضہ کشمیر کا شہری نہیں بن سکتا اور نہ ہی وادی میں جگہ خرید سکتا تھا۔

مزید خبریں :