فیصل قریشی کی فلم کب ریلیز ہوگی؟

فوٹو: فائل

اداکار فیصل قریشی نے طویل عرصے بعد گزشتہ سال اکتوبر میں فلم ’سوری ‘ بنانے کا اعلان  ایک پریس کانفرنس کے ذریعے کیا تھا۔

پریس کانفرنس میں فلم کی کہانی کے بارے میں یہ بتایا گیا تھا کہ فلم محبت میں اتار چڑھاؤ، محبت ملنا اور پھر اسے کھونے کے گرد گھومتی ہے۔

فوٹو: فائل

فیصل قریشی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ فلم میں اداکارہ آمنہ شیخ، سونیا حسین اور زاہد احمد اداکاری کریں گے لیکن شوٹنگ کے شیڈول میں مسائل ہونے کی وجہ سے اداکارہ سونیا حسین فلم کی کاسٹ سے الگ ہوگئیں تھیں جس کے بعد سونیا حسین کی جگہ اداکارہ فریال محمود کو فلم کی کاسٹ میں شامل کیا گیا۔

پاکستانی سنیما ویب سائٹ کے مطابق فلم ’سوری ‘ کی عکس بندی کا پہلا اسپیل مارچ 2019 میں مکمل ہوگیا تھا جس کے بعد تاحال فلم کے حوالے کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔

فلم کے ہدایت کار سہیل جاوید نے پاکستانی سنیما سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کی عکس بندی کا دوسرا اسپیل مارچ 2020 سے شروع ہوگا اور فلم کی عکس بندی کا اختتام بھی اسی اسپیل میں ہوگا جو کہ مکمل طور پر پاکستان سے باہر شوٹ کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے دوبارہ ابھرنے کے بعد اب اداکار فیصل قریشی فلم میں دوبارہ نظر آئیں گے اور ان کی اس فلم کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔

علاوہ ازیں ہدایت کار سرمدکھوسٹ کی فلم منٹو میں فیصل قریشی نے مختصر کردار ادا کیا تھا۔

اس حوالے سے اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ ان کے مداحوں کی جانب سے دباؤ کی وجہ سے وہ دوبارہ سلور اسکرین پر قدم رکھ رہے ہیں اور انہیں ایک صحیح فلم کا انتخاب کرنا تھا۔

فلم ’سوری ‘ 2020 کے تیسرے سہ ماہی میں ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں :