Time 13 جنوری ، 2020
دنیا

ایران، یوکرین طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو زر تلافی دینے پر آمادہ

فوٹو: اے ایف پی

تہران: ایران نے یوکرین طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو زر تلافی دینے پر رضا مندی ظاہر کردی۔

ایران کے مقامی میڈیا کے مطابق مرکزی انشورنس کمپنی کے سربراہ غلام رضا سلیمانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یوکرین کا جہاز انسانی غلطی کی وجہ سے ایران میں تباہ ہوا جس کی وجہ سے حکومت متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی کے سلسلے میں اچھا تعاون کرے گی۔

انشورنس کمپنی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جہاز کو غلطی سے فائر کا نشانہ بنایا گیا، ایران اور یوکرین اس نقصان پر بات چیت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایران کی مرکزی انشورنس کی کوئی ذمہ داری نہیں لیکن حکومت کو  اس بات چیت کے سلسلے میں اپنے ماہرین کی ضرورت پڑسکتی ہے۔

غلام رضا سلیمانی کا کہنا تھا کہ ایرانی کمپنیاں بیرون ملک میں اپنے مسافروں کے تحفظ کے لیے انہیں انشورنس جاری کرچکی تھیں لیکن جہاز ایران میں تباہ ہوا، ایرانی جہازوں کو ایران انشورنس فراہم کرتا ہے لیکن اس جہاز کا تعلق یوکرین سے تھا تو اسے یوکرین کی انشورنس حاصل تھی۔

کمپنی کے سربراہ نے کہا کہ انہیں جہاز کے انشورنس کے حوالے سے تفصیلات کا علم نہیں، مگر جہاز، مسافر اور دیگر مسائل بھی شامل کیے جانے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ کچھ مسافروں کا تعلق مختلف ممالک اور مختلف انشورنس پالیسیز سے تھا تو امداد کی رقم پر بھی بات چیت کی جانی چاہیے۔

طیارہ حادثے کا پسِ منظر

3 جنوری کو امریکا نے بغداد میں میزائل حملہ کرکے ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھاجس کے بعد ایران کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

8 جنوری کی علی الصبح ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوج کے دو ہوائی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جس میں 80 ہلاکتوں کا بھی دعویٰ کیا گیا تاہم امریکا نے اس حملے میں کسی بھی امریکی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تردید کی ہے۔

جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ایران امریکا کشیدگی کے دوران 8 جنوری کو یوکرین کا مسافر طیارہ ایران میں گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوئے۔

طیارہ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیف جا رہا تھا جس میں 82 ایرانی اور 63 کینیڈین شہری بھی سوار تھے۔

امریکا، کینیڈا اور دیگر مغربی ممالک کی جانب سے الزام عائد کیا جارہا تھا کہ طیارے کو ایران نے میزائل سے نشانہ بنایا تاہم ایران نے کئی مرتبہ طیارے کو نشانہ بنائے جانے کے بیانات کی تردید کی۔

لیکن حادثے کے تین روز بعد ایران نے طیارے کو غلطی سے میزائل سے نشانہ بنانے کا اعتراف کرلیا۔

مزید خبریں :