پاکستان

خالد مقبول صدیقی کو دوبارہ وفاقی کابینہ میں دیکھنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے تمام جائز مطالبات پورے کریں گے، فنڈز کے اجراء، ترقیاتی کاموں اور تعلیمی اداروں کے قیام کے وعدوں پر جلد عمل ہوگا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت میڈیا اسٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کو دوبارہ وفاقی کابینہ میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے جہانگیر ترین کو ناراض اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل سے بھی فوری رابطے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ معلوم ہوا ہے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) بھی تحفظات کا اظہار کررہی ہے لہٰذا اس کی قیادت سے بھی فوری ملاقات کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں سے مل کر پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو حکومتی وفد کی ایم کیو ایم سے ملاقات پر بریف کیا گیا جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری قریبی اور بااعتماد اتحادی جماعت ہے، اتحادیوں سے کیے گئے وعدے ہر صورت پورے کرنے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مطالبات کراچی کے عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق ہیں، فنڈز کے اجراء، ترقیاتی کاموں اور تعلیمی اداروں کے قیام کے وعدوں پر جلد عمل ہو گا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم کابینہ اجلاس کے بعد منگل کو وزیر اعظم سے دوبارہ ملاقات کرے گی جس میں اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق میڈیا اسٹریٹجی کمیٹی کے اجلاس میں نواز شریف کی سوشل میڈیا پر تصویر کا بھی تذکرہ ہوا جب کہ وزیر اعظم کو لاہور ہائی کورٹ کے پرویز مشرف سے متعلق خصوصی عدالت کے قیام کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دینے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

مزید خبریں :