کھیل
Time 14 جنوری ، 2020

بنگلا دیش کے دورہ پاکستان کا شیڈول طے ہو گیا

پاکستان اور بنگلا دیش کے کرکٹ بورڈز کے درمیان بنگلا دیش کے  دورہ پاکستان کا شیڈول طے ہو گیا ہے جس کے مطابق سیریز میں شامل 3 ٹی ٹونٹی، ایک ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے۔

سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ایک ملاقات میں دی گئی جب کہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی جس کے بعد مہمان ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی اور پھر واپس آ کر 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہی ہوگا۔

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہےکہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

مزید خبریں :