پاکستان
Time 14 جنوری ، 2020

وزیراعظم کی آسٹریلوی حکومت کو جنگلات میں لگی آگ بجھانے کیلئے مدد کی پیشکش

 امید ہے کہ آسٹریلوی عوام اس آفت اور مشکل پر بھرپور قوت اور ہمت سے قابو پالیں گے،عمران خان،فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے آسٹریلوی حکومت کو خط لکھ کرجنگلات میں لگی خوفناک آگ بجھانے کے لیے مدد کی پیشکش کردی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے عمران خان کا آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن کو لکھا گیا خط بھی جاری کیا گیا ہے۔

اپنے خط میں وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ کئی ماہ سے آسٹریلیا کے جنگلا ت میں لگی آگ کے باعث ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت کی ہمدردیاں اور دعائیں آسٹریلوی عوام کے ساتھ ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ آسٹریلوی عوام اس آفت اور مشکل پر بھرپور قوت اور ہمت سے قابو پالیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار یہ بات کہ چکے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیاں موجودہ دور کا سب سے بڑا اور اہم مسئلہ ہیں اور اس چیلنج سے کوئی بھی ملک تن تہا نہیں نمٹ سکتا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ یہ بحران اس بات کا موقع فراہم کرے گا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر تمام عالمی ادارے کوئی مشترکہ حل نکالیں۔

اپنے خط میں وزیراعظم کا مزیدکہنا ہے کہ باہمی دوستانہ تعلقات، گہرے اور تاریخی روابط کے پیش نظر وہ اس مسئلے میں کسی بھی ممکنہ مدد کے لیے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں دسمبر 2019 سے لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

جنگلات میں لگی آگ  سے 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق

اس خوفناک آگ کے نتیجے میں اب تک 27 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ کروڑوں جانور ہلاک اور بڑے پیمانے پر زرعی اراضی بھی متاثر ہوئی ہے۔

سڈنی یونیوسٹی کے ماہرین کے مطابق آگ کے باعث ہلاک یا زخمی ہونے والے جانوروں کی تعداد ایک ارب تک ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ جانوروں کی متعدد انواع اس آگ کے باعث صفحہ ہستی سے مٹ گئی ہیں۔

آگ بجھانے میں ناکامی کے بعد وزیراعظم اسکاٹ موریسن پر شدید تنقید کی جارہی ہے اور ان سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا جارہا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں پر بہتر اور مناسب پالیسیاں لانے میں ناکام رہے ہیں

مزید خبریں :