15 جنوری ، 2020
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ساری دنیا نے دیکھا نواز شریف کی تصویر وائرل ہوئی اور آل شریف ہوٹل میں علاج معالجہ کروا رہے تھے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فیاض چوہان نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کو اگر کوئی نقصان ہوا تو ان کے زیادہ کھانے پینے سے ہوگا، وہ پائے خوری اور برگر خوری سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے انہیں ہر 2 ہفتے بعد میڈیکل رپورٹس بھجوانے کا پابند کیا تھا۔
پرویز مشرف سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے کیس میں ہائیکورٹ کے فیصلے نے عدالتوں کی عزت کو بچایا ہے، اگر آئین کے آرٹیکل 6 کی روح تحت کیس چلایا جاتا تو زاہد حامد اور دیگر کو بھی شامل کیا جاتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نوازشریف کی لندن کے ایک ریسٹورینٹ سے تصویر سامنے آئی تھی جس میں وہ شہبازشریف اور دیگر کے ہمراہ موجود تھے، تصویر سامنے آنے کے بعد حکومتی حلقوں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔