Time 15 جنوری ، 2020
پاکستان

حکومت نے سکندر سلطان راجا کا نام بطور چیف الیکشن کمشنر تجویز کردیا

اپوزیشن نے سکندر سلطان راجہ کے حوالے سے چھان بین کے لیے مزید وقت مانگ لیا— فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر حکومت نے سکندر سلطان راجا کا نام بطور چیف الیکشن کمشنر تجویز کر دیا۔

چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی  کا 10 واں اجلاس ہوا جس میں  اِس معاملے پر پیشرفت سامنے آئی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پرویز خٹک نے سکندر سلطان راجا کا نام بطور چیف الیکشن کمشنر تجویز کیا تاہم اپوزیشن نے ان کے حوالے سے چھان بین کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے راجا پرویز اشرف نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کا نام تجویز کیا تاہم پارلیمانی کمیٹی کے ارکان نے کثرت رائے سے عرفان قادر کا نام مسترد کر دیا۔

جمیعت علمائے اسلام (ف) نے سابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس ذوالفقار چیمہ کا نام بطور چیف الیکشن کمشنر تجویز کیا۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے خالی عہدوں کے لیے اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں پر تقریباً اتفاق کر چکی ہے، ان میں جے یو آئی (ف) کی جانب سے بلوچستان سے نامزد شاہ محمود جتوئی اور سندھ سے پیپلز پارٹی کے تجویز کردہ نثار درانی شامل ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے نئے ناموں کا باقاعدہ تبادلہ جمعہ کو پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے کا امکان ہے۔ 

خیال رہے کہ چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019کو ریٹائر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

چیف الکیشن کمشنر کی تقرری 45 روز کے اندر کرنا ضروری ہے اور چیف الیکشن کمشنر کے نام پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اتفاق ضروری ہے تاہم دونوں میں ڈیڈ لاک کے باعث یہ معاملہ ابھی تک حل نہیں ہوسکا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر اور دیگر دو ارکان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان میں بھی ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے۔

مزید خبریں :