16 جنوری ، 2020
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے یہ تاثر دینا کہ حکومت ختم ہو رہی ہے اپوزیشن کی خام خیالی ہے، امید ہے اتحادی حکومت کا ساتھ دیں گے، تمام اتحادی بے فکر ہو جائیں ان کے تمام مطالبات پورے ہوں گے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمیٹی نے سروسز چیفس کی مدت ملازمت کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہونے کا خیر مقدم کیا۔
کور کمیٹی نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضہ تھا آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ہو۔
کور کمیٹی کو اتحادیوں کے تحفظات، مطالبات اور وفود سطح کی ملاقاتوں پر بریفنگ بھی دی گئی جس پر وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے اتحادی حکومت کا ساتھ دیں گے، تمام اتحادی بے فکر ہو جائیں ان کے تمام مطالبات پورے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد کو ترجیح دیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ ایم کیو ایم کا اندرونی معاملہ ہے، ایم کیو ایم برملا کہہ چکی کہ وہ حکومت کی بہترین اتحادی ہے، خالد مقبول صدیقی کی جگہ کوئی اور کابینہ میں شامل ہو یا نہیں یہ فیصلہ ایم کیو ایم کرے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ تاثر دینا کہ حکومت ختم ہو رہی ہے، اپوزیشن کی خام خیالی ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے تحفظات اپنی جگہ درست ہیں، بی این پی مینگل کے تحفظات دور کرنے کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں بتایا کہ آئی جی سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سے بات ہوئی ہے، آئی جی سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ سندھ حکومت کی مشاورت سے کریں گے، چاہتے ہیں اتحادیوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے بھی جائز تحفظات دور کیے جائیں، ہم پاکستان کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے بتایا کہ متنازع شہریت بل پر بھارتی مسلمانوں کی آواز بن کر پوری دنیا میں گونجیں گے، دنیا کو بتائیں گے کہ بھارت کتنا سفاک اور ظالم ہے کہ اپنے ہی شہریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ انتہاپسند مودی حکومت کو پوری دنیا میں بے نقاب کریں گے، 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طور پر منائیں گے، مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کی آواز بنیں گے۔
اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے کردار ادا کررہا ہے۔
وزیراعظم نے حکومتی اقدامات عوام تک پہنچانے کی منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔
کورکمیٹی کے ارکان نے تجویز دی کہ ملک بھر میں مزید لنگر خانے کھولے جانے چاہیئں تاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے جبکہ پناہ گاہوں کا دائرہ کار بھی بڑھایا جائے۔
اجلاس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں تقاریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے عوامی نمائندگان کو عوام میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کے مسائل حل کریں گے۔
وزیراعظم نے عوامی نمائندوں کے مسائل کے حل کیلئے دو رکنی کمیٹی بنادی، عامر کیانی اور عامر ڈوگر عوامی رابطہ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ارکان وزیراعلیٰ پنجاب آفس سے رابطے میں رہیں گے، دونوں ارکان عوامی مسائل براہ راست وزیراعظم، وزیراعلیٰ تک پہنچائیں گے۔