Time 17 جنوری ، 2020
پاکستان

’خالد مقبول کا استعفیٰ عامر خان کی سازش ہے‘

کراچی: پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے حکومت علیحدگی کے اعلان کو ڈرامہ قرار دے دیا۔

مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم والے حکومت نہیں چھوڑیں گے، یہ سب ڈرامہ کر رہے ہیں، کراچی والوں کے نام جو ڈرامہ ہو رہا ہے اسے اب بند ہونا چاہیے۔

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کے استعفے کے اعلان پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ استعفے کا نام لے کرکراچی والوں سے ڈرامہ کیا جا رہا ہے کیونکہ ایم کیو ایم والے حکومت سے باہر نہیں جا سکتے، ان کی سانسیں کرپشن سے جڑی ہوئی ہیں اور فائلیں تیار ہیں جیسے ہی یہ لوگ حکومت سے باہر آئیں گے پکڑے جائیں گے۔

یاد رہے کہ خالد مقبول صدیقی نے 12 جنوری کو پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا ہم نے مشکل کی ہر گھڑی میں وفاقی حکومت کا ساتھ دیا لیکن 18 ماہ گزرنے کے باوجود ہمارے ایک بھی مطالبے پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ  یہ سب  ڈرامہ ایم کیو ایم والوں کی آپس کی لڑائی ہے کیونکہ سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان عامر خان نے خالد مقبول صدیقی کے ساتھ ہاتھ کر دیا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عامر خان نے ساری ایم کیو ایم کا کام اتار دیا ہے، ایم کیو ایم کے کارکنوں سے کہتا ہوں کہ خالد مقبول صدیقی کا ساتھ دیں۔

چیئرمین پی ایس پی نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فروغ نسیم پر زور نہیں چلتا اس لیے ان سے استعفیٰ نہیں لیا ورنہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ ایک وزیر نے استعفیٰ دے دیا اور دوسرے کو چھوڑ دیا، اگر حکومت سے استعفیٰ دینا تھا تو دونوں وزراء استعفیٰ دیتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میئر کراچی اور میئر حیدرآباد سے استعفیٰ کیوں نہیں دلوایا گیا؟ کیونکہ یہ لوگ جانتے ہیں کہ ان کی آخری باری ہے اور یہ مال بنانا چاہتے ہیں۔

علاوہ ازیں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے خالد مقبول صدیقی کے ساتھ غلط کر رہے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ اب ایم کیو ایم حقیقی بن گئی ہے، یہ لوگ خالد مقبول صدیقی کو ہٹا کر امین الحق کو  وزیر بنانے کی سازش کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :