17 جنوری ، 2020
لاہور: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اپنی ہی پارٹی کی حکومت کی کارکردگی پر برس پڑے۔
جیونیوز کے مطابق ایک اجلاس کے دوران فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈیلیور نہیں کر پارہا جس پر تحریک انصاف کو مجموعی طور پر دباؤ کا سامنا ہے۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط لکھا جس میں ان سے اہم معاملات پر نوٹس لینے کی اپیل کی۔
فواد چوہدری نے اپنے خط میں کہا کہ پنجاب کا 350 ارب کا ترقیاتی بجٹ ہے جس میں سے صرف 77ارب روپے ریلیز ہوئے ہیں، صوبے میں پنجاب میں سیاسی سائیڈ ڈیلیور کر رہی ہے اور نہ ہی انتظامی۔
انہوں نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ کے پاس صوابدیدی فنڈ آرٹیکل اے140 کی خلاف ورزی ہے، وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں جو عوامی مفاد کے خلاف ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ پنجاب پروونشل فنانس ایوارڈ بھی اضلاع کو نہیں دے رہا، صوبائی سطح پرکچھ ہو رہا ہے اور نہ اضلاع کو فنڈز منتقل ہو رہے ہیں جب کہ جس فارمولے کے تحت وفاق فنڈز صوبوں کو دیتا ہے اسی طرح اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت شاندار کام کر رہی ہے مگر پنجاب کی وجہ سے مرکز کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فواد چوہدری کی نشاندہی پر وزیراعظم عمران خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ فوری طور پر صوبائی ایوارڈ کرکے اضلاع کو فنڈ ز منتقل کیے جائیں۔