کھیل
Time 17 جنوری ، 2020

میلبرن اسٹارز میں حارث رؤف کا متبادل بھی لاہور قلندرز سے ہونے کا امکان

میلبرن اسٹارز میں حارث رؤف کا متبادل لاہور قلندرز کا کھلاڑی ہونے کا امکان—فوٹو فائل

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور میں لاہور قلندر ز سے ڈیبیو دینے والے فاسٹ بولر حارث رؤف کو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ نے ٹیم میلبرن اسٹارز  سے ریلیز کر دیا۔

بنگلا دیش کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا جس میں حارث رؤف کا نام بھی شامل ہے۔ فاسٹ بولر بگ بیش لیگ چھوڑ کر  قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ جوائن کرنے وطن واپس آ رہے ہیں۔

ترجمان میلبرن اسٹارز کے مطابق حارث رؤف کے دوبارہ ٹیم جوائن کرنے سے متعلق جائزہ لے رہے ہیں، لیگ میں ان کی  واپسی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ 

ادھر ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ  اچھی خبر آنے والی ہے کہ میلبرن اسٹارز میں حارث رؤف کا متبادل کون ہو گا۔

ذرائع کے مطابق  میلبرن اسٹارز میں حارث رؤف کا متبادل بھی لاہور قلندرز سے ہی ہونے کا امکان ہے جس کا اعلان ایک دو روز میں ہو گا۔

خیال رہے کہ حارث رؤف نے بگ بیش لیگ کے7 میچز کھیلے جن میں 16 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف نے ایک ہیٹ ٹرک کی اور ایک مرتبہ 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔