24 اگست ، 2012
لاہور … جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے اور تیل، بجلی، گیس، کھاد بیج، ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مسلسل اضافہ حکومت کی ناکام معاشی حکمت عملی ہے، اب موجودہ صورتحال عوام کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری ایک بیان میں کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں کیا گیا اضافہ واپس لے اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے دور میں ایک دن پیٹرولیم مصنوعات تو دوسرے دن بجلی گیس وغیرہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتاہے جس کی وجہ سے اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں بھی بڑ ھ جاتی ہیں۔